پشاور ( وقائع نگار )ایڈمنسٹریٹرٹائون ٹو قدیر نصیرنے حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے چھٹی کے روز سرکاری مذبح خانے کا دورہ کیا ان کی جانب سے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی پرقصابوں نے احتجاج ملتوی کردیا ڈائریکٹرلائیو سٹاک سید معصوم شاہ کی طرف سے سرکاری مذبح خانہ بندکرانے کے اعلان کے خلاف قصاب برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا، القریش بیف ایسوسی ایشن کے صدر مقصودخان قریشی،جنرل سیکرٹری غلام رسول خان،مذبح خانے کے صدر رحمان اللہ نے ایڈمنسٹریٹر ٹائون ٹوکوبتایاکہ ڈائریکٹرلائیوسٹاک نے کورونا وائرس کو جواز بناکر ٹائون اہلکاروں سے سابقہ رنجش کاانتقام لیتے ہوئے صرف سرکاری مذبح خانہ بندکرنیکا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے، حکومتی اداروں کی لڑائی میں نقصان سرکاری مذبح خانے میں یومیہ اجرت پرکام کرنیوالے قصابوں کا ہوگا، اگر مذبح خانہ بندکرانے ہیں تو سرکاری کیساتھ نجی مذبح خانے بھی بندکئے جائیں۔، قصابوں نے ایڈمنسٹریٹر ٹائون ٹو قدیرنصیرکو مزید بتایاکہ محکمہ لائیو سٹاک نجی مذبح خانہ کوفائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری مذبح خانہ بندکراناچاہتا ہے،جس سے ٹائون ٹوانتظامیہ کو لاکھوں روپے کے نقصان کیساتھ ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑجائینگے، ایڈمنسٹریٹر ٹائون نے قصابوں کویقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کوڈپٹی کمشنرپشاورکے سامنے اٹھایا جائیگا اور اگرمذبح خانے بندکرانے کی نوبت آئی توسرکاری کیساتھ نجی مذبح خانے بھی بندکرانے کی سفارش کی جائیگی،جس پرقصاب برادری نے ٹائون ٹوانتظامیہ کومکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے چندروز کیلئے اجتحاج ملتوی کردیا۔