• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: 6 افراد جاں بحق، متاثرین کی تعداد 884 ہوگئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، مہلک وائرس سے 884 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں آج مزید 88 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے سندھ 42، پنجاب میں 24، گلگت بلتستان میں9، خیبرپختونخوا میں 7، اسلام آباد میں 4، اور بلوچستان میں 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بنے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی 6 ہے جن میں 4 کا تعلق سندھ اور 2 اسلام آباد سے ہیں۔

ملک میں مہلک وائرس سےجان کی بازی ہارنے والوں میں سے خیبرپختونخوا کے 3 جبکہ سندھ ،گلگت بلتستان اور بلوچستان سے 1،1 فرد شامل ہے۔

پنجاب میں مرض کے متاثرین کی مجموعی تعداد 246 تک پہنچ گئی ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 177، لاہور میں52، گجرات میں4، گجرانوالہ میں4، جہلم میں3، راولپنڈی اور ملتان میں 2،2 جبکہ سرگودھا میں 1 شخص کورونا وائرس سے متاثرہ ہے۔

سندھ میں کل کیسز کی تعداد 394 تک پہنچ گئی ہے، تفتان سے سکھر آنے والے متاثرہ زائرین کی تعداد 260 ہوچکی ہے جبکہ کراچی میں کورونا متاثرین کی تعداد 132 ہوچکی ہے، حیدر آباد اور دادو سے بھی ایک ایک مریض سامنے آچکا ہے۔


ترجمان سندھ حکومت کے مطابق اب تک صوبے میں صحتیاب ہونے والے 4 مریضوں کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک مریض جان کی بازی ہار چکا ہے۔

خیبرپختونخوا میں مریضوں کی مجموعی تعداد 38 ہے، جن میں سے ڈی آئی خان سے 16، پشاور 10، مردان 6، مانسہرہ 3، بونیر، چارسدہ اور کرک سے ایک ایک متاثرہ شخص سامنے آچکا ہےجبکہ صوبے میں اب تک 3 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

بلوچستان میں مجموعی طور پر 110 افراد میں کورونا وائرس تشخیص ہوا ہے آج کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج 66 مریض انتقال کرگیا۔

گلگت بلتستان میں متاثرہ کیسز کی تعداد 80 تک پہنچ گئی، جن میں 25 کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی ہے، متاثرہ افراد کو آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مجموعی طور پر 15 افراد مرض سے متاثرہ ہوچکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا ایک کیسز سامنے آچکا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

تازہ ترین