• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت پنجاب نے 19ہزار اسامیوں پر بھرتی کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوادی

اسلام آباد(طارق بٹ) محکمہ صحت پنجاب نے 19ہزار اسامیوں پر بھرتی کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوادی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹاف کی کمی کے باعث طبی عملے پر سخت دبائو ہے۔ دوسری جانب حکومت سندھ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھرتی کا عمل شروع کرچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی 19 ہزار اسامیوں پر بھرتی کے لیے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سمری بھجوادی ہے۔یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ اسامیاں موجودہ دور حکومت میں خالی ہوئی ہیں یا نہیں۔ پنجاب حکومت کے ایک اعلیٰ افسر نے اپنا نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا ہےکہ موجودہ میڈیکل اسٹاف سخت دبائو میں ہے۔ یہ حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی سہولیات کی کمی سے دبائو بڑھتا جارہا ہے جس میں طبی عملے کے ساتھ طبی آلات بشمول وینٹی لیٹرز فراہم کرکے کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ ایک اور افسر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے جولائی، 2018 میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم، گزشتہ برس ایڈہاک بنیاد پر ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کی بھرتیاں کی گئی تھیں۔ لیکن بہت سے ڈاکٹروں نے اس میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا تھا کیوں کہ ان کی ترجیح پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نوکری کا حصول تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیولوجی، ہولی فیملی اور بےنظیر بھٹو شہید اسپتال میں 40 سے 50 فیصد اسامیاں خالی ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب کا محکمہ فنانس فنڈز بچانے کے لیے نئی بھرتیوں کے حق میں نہیں ہے۔
تازہ ترین