اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاپنگ مالز، کیفیز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات دو ہفتوں کے لیے بند ہونے سے گلیاں سنسان ہوگئیں۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدامات جڑواں شہروں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے گئے ہیں۔
آئندہ دو ہفتوں کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاپنگ مالز، کیفیز، ریسٹورنٹس اور تفریحی مقامات بند ہونے سے لوگوں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے۔
شہری گھروں تک محدود ہیں تاہم بعض اہم سرکاری و نجی دفاتر، کریانہ اسٹورز اور فارمیسیز کھلی ہیں۔
انتظامیہ کے اعلان کے بعد جڑواں شہروں میں ہو کا عالم رہا، ہر سو ویرانی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔
واضح رہے کہ تندور، بیکری، میڈیکل اور کریانہ اسٹورز کو پابندی سے استثنٰی ہے۔
دوسری جانب قرنطینہ مراکز کے قیام کے ساتھ ساتھ عوام کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکومتی احکامات کے بعد شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں، اسلام آباد میں جزوی جبکہ راولپنڈی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔