کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر تمام خود مختار ، نیم خودمختار اور سرکاری اداروں کو ہدایات جاری کرے کہ ان کا کوئی بھی ملازم ، کنٹریکٹ ملازم یا روزانہ اجرت پر کام کرنے والے بغیر تنخواہوں کے نہ رہیں اور اس وائرس اورایمرجنسی کے موقع پر انہیں تنخواہوں اور اجرتوں کی مکمل ادائیگی کی جائے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو یہ بھی یقینی بنانا چاہئے کہ فیکٹریاں ، ملیں ، کمپنیاں اور نجی شعبے میں کام کرنے والے ادارے بھی اسی پر عمل درآمد کریں اور لیکویڈیٹی کے سوال کو بہانہ کے طور پر استعمال نہ کریں۔ اگر وفاقی حکومت اس میں کسی طرح کی کوتاہی کا مظاہرہ کرے گی تو امن و امان کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تنخواہ کے علاوہ دیگرا خراجات اور غیر ضروری ڈویژنز کے ترقیاتی اخراجات کو بھی معطل کر دے۔