• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے دل کا آپریشن آئندہ ہفتے متوقع ہے: شہباز شریف

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی صحت کے بارے میں بتایا ہے کہ نوازشریف کے دل کا انتہائی اہم اور حساس آپریشن ہونا ہے جو آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

 شہبازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نواز شریف کے علاج اور اس ضمن میں انتظامات میں مصروف عمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نوازشریف کے علاج کے حوالے سے انتہائی اہم مرحلہ ہے، نوازشریف نے آپ سب کے لیے بہت دعاوں اور نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔

انہوں نے نواز شریف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ نواز شریف موجودہ صورتحال پر انتہائی دکھی ہیں، نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم کو مشکل اور ان صبرآزما حالات کا سامنا ہے۔

انہوں نے اجلاس میں لوگوں سے درخواست کی کہ نواز شریف کی صحت کاملہ کے لیے خصوصی دعا فرمائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کڑے وقت میں سب قوم اور ملک کی نگہبانی اورمفادات کے تحفظ کے لیے قوم کے ایک خادم، ایک رضاکار کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، قیمتی جانوں کو ضیاع ہورہا ہے، کورونا کی وجہ سے سوا ارب سے زیادہ آبادی اپنے گھروں میں بند ہے، معیشت کی تباہی کورونا سے بھی بڑا خطرہ بن کر ظاہر ہورہی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، مریضوں کی تعداد بڑھنے سے پوری قوم پریشان اور مضطرب ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کا تقاضہ ہے مکمل قومی اتحاد، اخوت کے عظیم جذبے پر کاربند ہوں، ہم نے سیاست اور سیاسی مفادات کو اس وقت ترجیح نہیں دینی۔

تازہ ترین