• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی، جھلسنے والا زخمی دم توڑ گیا

لاہور: ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی، جھلسنے والا زخمی دم توڑ گیا 


لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ایل پی جی سے بھرے ٹینکر میں آگ لگنے سے جھلسنے والا زاہد عباس اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ سات زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پولیس نے ٹینکر کے مالک اور ڈرائیور سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمے میں اقدام قتل اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق ایل پی جی سے بھرا ٹینکر شیخوپورہ سے لاہور آ رہا تھا کہ شاہدرہ کے قریب اس سے گیس لیک ہونے لگی۔ کسی نے سلگتا ہوا سگریٹ پھینکا تو ایل پی جی میں آگ بھڑک اٹھی اور ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، دھویں کے سیاہ بادل دوردور تک کھائی دیتے رہے۔

آگ سے جھلس کر ٹریفک وارڈن عالمگیر سمیت 8 افراد زخمی ہو ئے جبکہ قریبی ا سٹینڈ پر کھڑے کئی رکشے اور موٹرسائیکلیں جل کر تباہ ہو گئیں۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ٹیموں نے ایک گھنٹہ کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ واقعہ کے باعث شاہدرہ چوک میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

پولیس کے مطابق ضلعی حکومت کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ اوگرا نے بھی ٹینکر میں آتشزدگی کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین