• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، لندن انڈر گراؤنڈ سروسز میں مزید کمی کی جاسکتی ہے، صادق خان

لندن (پی اے) صادق خان نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لندن انڈرگراؤنڈ سروسز میں مزید کمی کی جا سکتی ہے، کیونکہ سٹاف کی ایک بڑی تعداد یا تو بیمار ہو گئی ہے یا سیلف آئسولیشن میں ہے۔ میئر لندن نے یہ انتباہ اپنے اور حکومت کے درمیان اس تنازع کے پس منظر میں دیا ہے کہ کوویڈ۔19کی وبا پھیلنے کے باوجود ٹیوب کیرج کیوں بھری ہوئی چل رہی ہیں۔ دوسری جانب وزیر صحت میٹ ہنکوک نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹائم ٹیبل میں کمی کا کوئی قابل قبول جواز نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں مزید ٹیوب ٹرینیں چلانی چاہئیں تاکہ مسافر ایک دوسرے سے محفوظ فاصلوں تک منتقل ہو سکیں۔ تاہم صادق خان کا موقف ہے کہ ٹرین سروسز میں مزید کمی کی جاسکتی ہے، کیونکہ سٹاف کی بڑی تعداد یا تو بیمار ہے یا انہوں نے حفاظتی نقطہ نظر سے سیلف آئسولیشن اختیار کر لی ہے۔ ان ملازمین میں ٹرین ڈرائیور اور کنٹرول سینٹر ورکرز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ فار لندن کی جانب سے پوری کوشش کی جائے گی کہ ٹرینوں کی روانی جاری رہے، تاکہ اہم اور لازمی سروسز سے تعلق رکھنے والے ورکرز بشمول این ایچ ایس سٹاف کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی تک ان کی منزل تک پہنچایا جا سکے۔ تاہم ٹی ایف ایل کا مزید سٹاف بیمار ہوا یا سیلف آئسولیشن اختیار کی تو ہمارے پاس اس کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا کہ ہم اپنی سروسز میں کمی کریں۔ بھیڑ بھاڑ پر قابو پانے کیلئے برٹش ٹرانسپورٹ پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں جن کی کوشش ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری سفر سے روکا جائے اور صرف لازمی سروسز سے تعلق رکھنے والوں یا اہم ور کرز کو سفر کی اجازت دی جائے۔ وزیر کمیونٹیز رابرٹ جینرک نے اصرار کیا ہے کہ کورونا وائرس بحران میں اگر سماجی فاصلے ضروری ہوں تو بھی تعمیراتی کارکنوں کو کام پر جانے دیا جائے۔ واضح رہے کہ ٹیوب سروس فی الوقت اپنی نارمل گنجائش کے مقابلے میں 50 فیصد سروسز فراہم کر رہی ہے۔

تازہ ترین