• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کامسئلہ حل کیاجارہا ہے،پاکستان ہائی کمیشن

لندن (جنگ نیوز) برطانیہ میں موجود ایسے بہت سے پاکستانیوں نے، جن کے ویزے کی میعاد یا تو ختم ہوچکی تھی یا ختم ہونے والی تھی، کورونا وائرس کی وبا کے سبب پروازیں بند کئے جانے سے پیداہونے والی صورت حال کے پیش نظر پاکستان ہائی کمیشن لندن سے رابطہ کیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن اس حوالے سے برطانوی حکام سے رابطے میں ہے۔ برطانوی حکام نے بتایا ہے کہ وہ صورت حال سے واقف ہیں اور برطانیہ کا ہوم آفس جلد ہی اس حوالے سے گائیڈنس کا اعلان کرے گا، تاکہ ایسے لوگ اپنی صورت حال واضح کرسکیں۔ برطانیہ کا ویزا اور امیگریشن موجودہ صورت حال کے تناظر میں مناسب اقدام کرے گا۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ایسے تمام پاکستانیوں سے، جن کی ویزا کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہ پاکستان واپس جانا چاہتے ہیں، کہا ہے کہ وہ اپنے کوائف support@phclondon.org پر ای میل کردیں، پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مشن کی ویب سائیٹ www.phclondon.org دیکھتے رہیں اور کورونا وائرس کے حوالے سے برطانوی حکومت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر پوری طرح عمل کرتے رہیں۔کورونا وائرس کے حوالے سے برطانوی حکومت کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ برطانیہ میں ہیں اور آپ کے ویزے کی میعاد رواں سال 24 جنوری سے 31مئی کے درمیان ختم ہوچکی یا ختم ہو رہی ہے توآپ کے ویزے کی میعاد میں31 مئی تک کی توسیع کردی جائے گی، اگرآپ کورونا وائرس کی وجہ سے سفری پابندیوں کی وجہ سے وطن واپس نہیں جاسکے ہیں یا کورونا وائرس کے سبب خود تنہائی میں چلے گئے ہیں اور آپ کے ویزے کی میعاد ختم ہو رہی ہے تو آپ کو اپنا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرانے کیلئے کورونا وائرس امیگریشن ٹیم سے رابطہ کرنا چاہئے، اس کیلئے آپ کو اپنا پورا نام، جس میں اگر کوئی درمیانی نام ہو تو وہ بھی، تاریخ پیدائش، قومیت، اپنے ویزا کا سابق ریفرنس نمبر اور یہ کہ آپ اپنے وطن کیوں واپس نہیں جاسکے، مثال کے طورپر سرحد بند کردیئے جانے کے سبب۔ ہم درخواست وصول کر کے آپ کو آگاہ کردیں گے کہ آپ کی درخواست کب موصول ہوئی اور آپ کے ویزا کی میعاد میں کب توسیع کی جائے گی۔
تازہ ترین