• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجماعت نماز، مشتبہ مریضوں کے سوا کسی کو چھوٹ نہیں، پاکستانی علماء

باجماعت نماز، مشتبہ مریضوں کے سوا کسی کو چھوٹ نہیں، پاکستانی علماء


کراچی /لاہور(اسٹاف ر پو ر ٹر/نمائندہ جنگ) کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام مسالک کے علمائے کرام نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے اس ضمن میں علما ئے کرام نے مسلمانوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ50 سال سے زائد عمر کے لوگ اور ایسے افراد جنھیں وائرس کا شبہ ہے جنہیں کھانسی ، نزلہ ، زکام اور بخار ہو اور جن کے امراض کی اس وائرس سے کھانسی بڑھ جانے کا خطرہ ہو، وباکے پورے دور میں مساجد میں نہ آئیں، انہیں ترک جماعت کا گناہ نہیں ہوگا۔ 

کورونا وباسے نجات کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کثرت سے استغفار کیا جائے تاکہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت وعنایت سے اس وبا کو ہمارے اوپر سے ہٹالیں اس سلسلہ میں میڈیا آگاہی بیدار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ 

مشترکہ اعلامیہ کا اعلان مفتی تقی عثمانی نے گورنرہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرمفتی منیب الرحمن ،مولانا شہنشاہ حسین نقوی ، مفتی عبدالرحیم، مولانا عبد الکریم ، مولانا محمد سلفی ، مفتی یوسف کشمیری ، مولانا عبد الوحید اور مولانا امین سمیت انڈس اسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر عبدلباری بھی موجود تھے ۔ 

مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن اور مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا ءکے پیش نظر متفقہ قرار داد منظور کی گئی جس پرہر فقہ سے تعلق رکھنے والے مسلمان کو عمل کرنا چاہئے۔ 

مفتی منیب الرحمن نے اعلامیہ کا متن پڑھ کرسناتے ہوئے کہاکہ وبائیں درحقیقت اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے ہماری اصلاح کے لئے ایک تنبیہ ہے اس موقع پر پوری قوم توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کی طرف متوجہ ہو۔

نیز حکومت اپنے اداروں کے ذریعہ لوگوں کو توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کی طرف متوجہ کرے اور میڈیا سے فحاشی اور بے حیائی کے پروگرام بند کئے جائیں، مساجد کھلی رکھی جائیں گی۔ 

پنج وقتہ اذان و اقامت اور با جماعت نماز جاری رہے گی ، تمام لوگ وضو گھر سے کرکے آئیں اور ہر قدم پر نیکی پائیں، سنتیں گھر میں پڑھ کر آئیں بعد کی سنتیں بھی واپس جاکر پڑھیں۔

تازہ ترین