• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈبل سواری وبغیر ہیلمٹ سواری پر پابندی عائد

پشاور(نیوزڈیسک) ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے تدارک کیلئے لاک ڈائون تیسرے روز بھی جاری ہے، ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،غیر ضروری پیدل یا موٹر سائیکل سوار کو گھومنے کی بھی اجازت بھی نہیں ہو گی،ایک ہفتے کی پابندیوں سے جہاں لوگوں کو تکلیف ہے وہیں ہم عوام کے تعاون سے اس موذی مرض پر قابو پالیں گے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے تدارک کیلئے لاک ڈائون تیسرے روز بھی جاری ہے۔ ضلع بھر میں مارکیٹیںاور کاروباری مراکز بند ہیں، صرف کھانے پینے اوراشیائے ضروریہ سمیت ادویات کی دکانیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی فوج کے خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں، جو پولیس کے ہمراہ شہر بھر میں گشت پر مامور ہیں۔ ادھر عوام کی نقل و حرکت کو محدود رکھنے اور عوام کے تحفظ کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میںایک ماہ کیلئے دفعہ144کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے،جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی ہے،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ہیلمٹ کی پابندی کے ساتھ ساتھ غیر ضروری طور پر پیدل یا موٹر سائیکل سوارشخص کو بھی گھومنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک ہفتے کی پابندیوں سے جہاں لوگوں کو تکلیف ہے وہیں انشاءﷲ ہم عوام کے تعاون سے اس موذی مرض پر قابوبھی پالیں گے۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی سوار افراد کیلئے بھی ماسک کا استعمال لازمی ہوگا اور بغیر ہیلمٹ اور ڈبل سواری والے موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول کی فراہمی پر بھی پابندی ہے۔ایسے افراد کو پیٹرول فراہم کرنے والے پیٹرول پمپ کو بھی سیل کیاجائے گااورمرکزی و صوبائی حکومتوں سمیت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو پابند سلاسل کیا جائے گا۔
تازہ ترین