• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ایل پی جی سے بھرے ٹینکر میں آگ لگنے سے جھلسنے والے مزید 2 افراد دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مزید 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اس واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی، جبکہ اسپتال میں 7 جھلسنے والے افراد زیرِ علاج ہیں۔

گزشتہ شب حادثے میں جھلسنے والا زاہد عباس اسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔

پولیس نے ٹینکر کے مالک اور ڈرائیور سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، مقدمے میں اقدامِ قتل اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ایل پی جی سے بھرا ٹینکر شیخوپورہ سے لاہور آ رہا تھا کہ شاہدرہ کے قریب اس سے گیس لیک ہونے لگی، کسی نے سلگتا ہوا سگریٹ پھینکا تو ایل پی جی میں آگ بھڑک اٹھی اور ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا۔

آگ لگنے کے بعد دھویں کے سیاہ بادل دودر دور تک دکھائی دیتے رہے، آگ سے جھلس کر ٹریفک وارڈن عالمگیر سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ قریبی اسٹینڈ پر کھڑے کئی رکشے اور موٹر سائیکلیں جل کر تباہ ہو گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیئے: لاہور، LPG ٹینکر میں آگ لگ گئی، 8 زخمی

اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جبکہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

واقعے کے باعث شاہدرہ چوک میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق ضلعی حکومت کی جانب سے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، اوگرا نے بھی ٹینکر میں آتشزدگی کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین