• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علماء لوگوں کو گھروں میں نماز کی ادائیگی کا درس دیں، صدر علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ علماء کورونا کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر بتائیں، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ الازہر کے فتوے کی روشنی میں علمائے کرام اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےان خیالات کا اظہار کوروناوائرس کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویڈیو کانفرنس میں گورنرز اور علمائے کرام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

صدر نے کہا کہ علمائے کرام لوگوں کو درس دیں کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں۔ بحران سے بچاؤ کا واحد حل سماجی فاصلہ قائم کرنا ہے، صدر نے علمائے کرام میں اتحاد کو سراہا۔

 انہوں نے علمائے کرام کے حفاظتی تدابیر کے بارے میں متفقہ اعلامیے کو بھی سراہا۔

 اس موقع پر علمائے کرام نے صدر مملکت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

علمائے کرام نے کانفرنس کو آگاہ کیا کہ علما، مذہبی اجتماعات اور تقریبات منسوخ کرچکے ہیں۔

تازہ ترین