• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: نماز جمعہ کے اجتماع پر متعدد پیش اماموں کیخلاف مقدمات


کراچی میں حکومت سندھ کی نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد پیش اماموں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

اورنگی ٹائون گلشن بہار اورسیکٹر 13 میں پابندی کے باوجود نماز جمعہ کے اجتماع پڑھانے والے 2 پیش اماموں کے خلاف پاکستان بازار تھانے میں 2 مقدمات درج کرلئے گئے۔

مقدمے میں جامع مسجد اقصیٰ کے مولانا ممتاز اشرفی اور جامعہ مسجد فاطمۃ الزہرہ کے مولانا نوشاد کو نامزد کیا گیا ہے۔

گلشن اقبال 13 ڈی میں مسجد ستار کے پیش امام مفتی عبدالغفور کے خلاف نماز جمعہ کا اجتماع پڑھانے کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شیر شاہ میں جامع مسجد قبا کے پیش امام قاری محمد جمیل پر بھی پابندی کے باوجود اجتماع کرانے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کھارادر پولیس نے میمن مسجد میں متعدد افرادکے اجتماع کو نماز جمعہ پڑھانے پر پیش امام اکرام مصطفی، نائب امام قاری محمد احمد اور دفتری عملے ندیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تینوں افراد کو طلب کرکے بیان ریکارڈ کرکے شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

قائد آباد میں بھی 2 پیش اماموں کے خلاف پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں خلاف ورزی کرنے والے پیش اماموں کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

تازہ ترین