اسلام آباد (اے پی پی) پنجاب اور اسلام آباد میں آر ایل این جی پر چلنے والے سی این جی اسٹیشنز پر سی این جی کی قیمت 9 روپے فی لیٹر کم کر دی گئی۔نئی قیمت تقریباً 84.50 فی لٹر ہوگی، سی این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے ہو گا۔جمعہ کو ایک بیان میں مرکزی چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے کہاکہ یہ فیصلہ ملک میں کورونا بحران اور تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر کمی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا آر ایل این جی کی قیمت برنٹ کی عالمی قیمت کے تین ماہ کی اوسط پر ہوتی ہے جس کا فرق ہمیں یکم اپریل کو ملنا تھا لیکن کرائسز میں اپنے صارفین کی پریشانی میں کمی کیلئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اگر حالات نے اجازت دی تو ہم یکم اپریل کو قیمتوں میں مزید کمی کریں گے۔ خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی سی این جی قیمتوں میں کمی کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں حکومت سے بات چیت چل رہی ہے۔امید ہے کہ جلد عوام کو خوشخبری ملے گی۔