قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے چین کے صدر اور وزیر اعظم کو خطوط لکھ دیئے۔
شہباز شریف نے اپنے خط میں لکھا کہ کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کو متاثر کررکھا ہے، پوری پاکستانی قوم کا چین کیساتھ جذباتی لگاؤ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کے خلاف بہت عمدہ اور بروقت حکمت عملی اپنائی۔
اپنے خط میں انہوں نےکہا کہ کمیونسٹ پارٹی اور چین کے عوام نے وائرس کے خلاف بخوبی جنگ کی، جبکہ مشکل کی گھڑی میں چین نے مدد کر کے ثابت کیا کہ ہم مضبوط دوست ہیں۔
شہباز شریف نے لکھا کہ چین نے 2013 میں بھی سی پیک کے آغاز سے ہماری بہت مدد کی اور ان حالات میں طبی سامان فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے پاکستان میں کورونا سے قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔
شہباز شریف نے خط میں کہا کہ چین کی خوشحالی و ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔