• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ اور جیو نے حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے‘ ناصر حسین شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میرشکیل الرحمن کی گرفتاری حکومتی ایماء پر کی گئی ہے اور اس کیلئے نیب کو ایک ٹول کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

ان کے بھائی میرجاوید الرحمن کی بھی حالت شدید خراب ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ میرشکیل الرحمن کو فوری رہا کیا جائے۔ 

ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو پر حکومتی یلغار کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے سربراہ کو صرف اور صرف حق اور سچ بیان کرنے اور لکھنے کی پاداشت میں نیب کے ذریعے گرفتار کرایا ہے۔ 

ہماری پارٹی کے کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی میرشکیل الرحمن کی گرفتاری کی کھل کر مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح اور صاف طور پر نظر آرہی ہے کہ جنگ اور جیو نے حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے جو حکومت کو قطعی پسند نہیں۔ 

میر شکیل الرحمن نے نیب کی جانب سے طلب کئے جانے پر مکمل تعاون کیا اور جب تحقیقات کا سلسلہ چل رہا تھا تو پھر انہیں گرفتار کیوں کیا گیا یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اعلی عدالتوں کو بھی ان کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو تو صرف استعمال کیا گیا ہے اصل محرک حکومت ہے۔ 

حکومت کی میرشکیل الرحمن کی گرفتاری میں ملوث ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ میرشکیل الرحمن کی گرفتاری پر اب تک پی ٹی آئی کی جانب کسی بھی سمجھ دار اور ذمہ دار فرد نے مذمت نہیں کی۔ 

میرے علم میں یہ بات بھی ہے کہ میرصاحب کے بڑے بھائی میر جاوید الرحمن بھی شدید علیل ہیں اور مقامی اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں۔ حکومت کو انسانیت کے ناطے ہی میرشکیل الرحمن کی فوری رہائی ممکن بنانا چاہئے۔

تازہ ترین