• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کو لاک ڈاؤن جلد کھولنے کے معاملے پر یوٹرن لینا پڑگیا


کورونا وبا پھیلنے کے سبب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لاک ڈاؤن جلد کھولنے کے معاملے پر یوٹرن لینا پڑگیا، اب لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلہ رکھنے کی تاریخ 12 اپریل سے بڑھا کر 30 اپریل کردی گئی ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں میں کورونا وبا امریکا میں اپنی حدوں کو چھو سکتی ہے اور اموات کی شرح بڑھنے کا اندیشہ ہے، اس لیے فتح سے پہلے فتح کا اعلان انتہائی خراب چیز ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہر شخص حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرے، جس قدر بہتر عمل کیا گیا اتنی ہی جلد یہ ڈراؤنا خواب ختم ہوگا۔

اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ 12 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر زیادہ تر علاقوں سے لاک ڈاؤن ختم کردیا جائے گا، امریکا کو بزنس کےلیے کھول دیا جائے گا اور جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، لاک ڈاؤن صرف اسی حد تک محدود رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسٹر ڈیڈلائن محض خواہش تھی اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ نیویارک کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کی دھمکی کبھی دی ہی نہیں۔

امریکا میں کورونا سے گزشتہ روز 248 اموات ہوئی ہیں جبکہ بیماروں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

تازہ ترین