• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں کورونا کیخلاف یکساں رسپانس چاہیے، شاہد خاقان


سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی حکمت نہیں، پورے پاکستان میں کورونا کےخلاف یکساں رسپانس چاہیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں سمن آتا تو ضرور جاتے ہیں ۔

کورونا وائرس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس معاملے پرحکومت مکمل طور پر نا کام ہے، وزراء اور حکومت کی کوآرڈینشن نہیں ہے، اپوزیشن کو پکڑیں گے یا کورونا وائرس کوپکڑیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر حکومت کی حکمت عملی سے کوئی مطمئن نہیں، اس معاملے پر کوئی یکساں رسپانس نہیں، حکمت عملی کیا ہے ؟ وزیراعظم کچھ اور وزراء کچھ کہتے ہیں، اب اللہ ہی خیر کرے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کہتے ہیں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا، اسلام آباد میں اس سے بڑا کیالاک ڈاؤن ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ بھارت کو دیکھیں، ان کا وزیراعظم آیا اور 3ہفتے کے لیے ملک بند کر دیا، آج تک یہاں نہیں پتہ کہ کیا کرنا ہے، ہر صوبہ، ہر شہر اپنا کام کر رہا ہے، جبکہ وزیروں کا بھی وہی رویہ ہوتا ہے جو وزیراعظم کا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تفتان پر بدنظمی کے وزیراعظم خود ذمے دار ہیں، بارڈر وفاقی حکومت کنٹرول کرتی ہے، وزیراعظم نے کہا ہمارا وزیر وہاں گیا، وہاں کیا کرنے گئے تھے؟، عجیب معاملہ ہے، ہماری سمجھ سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کو بلا کر اپنے بیان کے بعد غائب ہوگئے، اب جو وزیراعظم خود دعوت دے کر غائب ہوجائے ان کی کفیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے اس موقع پر سوال کیا کہ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو نیب کی جانب سے کیوں گرفتار کیا گیا ہے ؟

تازہ ترین