وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اتنے حالات خطرناک نہیں جتنے اٹلی، اسپین اور امریکا میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آئندہ 15 روز ہمارے لیے بہت اہم ہیں، اگر اس دوران کورونا زیادہ نہیں پھیلتا تو یہ وبا دم توڑ دے گی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان میں اٹلی، اسپین اور امریکا جیسے خطرناک حالات نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ تینوں ممالک میں مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ان ممالک میں 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں۔
شیخ رشید احمد نے بتایا کہ مسافر ٹرینیں تاحکم ثانی بند رہیں گی جبکہ مال بردار ٹرینیں چلتی رہیں گی تاکہ غذائی اشیاء کی سپلائی متاثر نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام کارخانے چل رہے ہیں، دیگر بھی آئندہ 2 یا 3 دن یا ایک ہفتے میں کھل جائیں گے۔
احساس پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے لیے رائے تھی کہ 12 ہزار روپے دیے جائیں، تاہم مستحقین کو کتنی رقم ملے گی اس کا فیصلہ کل کیا جائے گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملک میں تمام فیکٹریاں چل رہی ہیں دیگر بھی دو تین دن یا ہفتے میں کھل جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین ریلوے حبیب گیلانی سمیت عملے نے بہترین انتظام کیا، 310 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹر قائم کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے 65 اسپتالوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے کام کرنے کیلئے مختص کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ ایک کوچ میں وینٹی لیٹر بھی لگا دیا ہے، اسٹیشنز کے ساتھ 7 اسپتال بنادیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسپتال راولپنڈی میں بھی 50 بستروں کا اسپیشل آئیسولیشن وارڈ بنایا ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس موذی مرض سے جلد نجات حاصل کرے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر کسی صوبے کو ضرورت ہے تو وہ ہم سے مدد لے سکتا ہے۔