• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کا اثر، رواں برس کوئی بھی ٹینس ایونٹ نہ کھیلے جانے کا خدشہ

میلبورن (جنگ نیوز) کورونا وائرس کے سائے پوری دنیا پر چھاگئے ہیں، کھیلوں کی سرگرمیاں پوری طرح ختم ہوکر رہ گئی ہیں، یورپ میں فٹبال لیگز کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے، کرکٹ کے ایونٹس منسوخ ہوچکے ہیں، اولمپکس ایک برس کیلئے موخر کردیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں ٹینس آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کسی بھی قسم کی سرگرمیاں ہونے کا امکان تقریباً ختم ہوچکا ہے۔ ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریگ ٹیلی کے مطابق موجودہ حالات میں مشکل دکھائی دیتا ہے کہ ٹینس 2020 میں پھر سے کھیلی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال اس قدر گھمبیر ہے کہ 2021میںآسٹریلین اوپن ٹینس چیمپئن شپ کو بھی موخر کیا جاسکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس بیان کا مطلب ہے کہ منتظمین نے اگلے برس پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کے متبادل پلان پر غور شروع کردیا ہے۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ میگا ایونٹ جنوری 2021میں معمول کے مطابق ہو لیکن جو اطلاعات مل رہی ہیں انہیں دیکھتے ہوئے ہم کو ہر قسم کی بدترین صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ کورونا کی وبا نے پوری دنیا کو بحران میں مبتلا کررکھا ہے، اب تک اس کی دوا تیار نہیں ہوسکی ، ہم امید کرتے ہیں کل صبح نیند سے جاگیں اور اس متعلق ہمیں کوئی بڑی خبر مل جائے۔ لیکن درحقیقت مستقل قریب میں ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ جبکہ دنیا میںلاک ڈائون کے سبب فضائی سفر پر بھی پابندیاں ہیں، یہ لاک ڈائون جانے کب تک برقرار رہے۔مئی میں کھیلا جانے والا فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ستمبر تک ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ امکان ہے کہ ومبلڈن اوپن بھی آئندہ ہفتے ملتوی کیے جانے کا اعلان کردیا جائے گا۔
تازہ ترین