اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایم ڈی پی ایس او غیر قانونی تقرری کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا کی چار ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ خان عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ نیب نے کراچی میں ایک نیا ریفرنس دائر کر دیا ہے ، ہم شاہد خاقان عباسی کی راہداری ضمانت کیلئے آئے ہیں، ہمیں نیب کی جانب سے کوئی سمن بھی موصول نہیں ہوا، میڈیا سے معلوم ہوا ہے، اس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ابھی تو جہاز بھی نہیں جا رہے، بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا کہ ہم تو عدالت حاضر ہونا چاہتے ہیں ، راہداری ضمانت دی جائے، اس پر عدالت نےچار ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔