• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم آج ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کا آغاز کرینگے


ممکنہ لاک ڈاؤن کے پیشِ نظر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان آج شام نوجوانوں کی رجسٹریشن کا آغاز کریں گے۔

اس سلسلے میں وزارتِ یوتھ افیئرز نے ڈیٹا بیس سسٹم پر کام شروع کر دیا ہے، وزیرِ اعظم آفس میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کا ٹیسٹ رن مکمل کر لیا گیا۔

وزارت یوتھ افیئرز کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن پورٹل وزیرِ اعظم عمران خان کی منظوری سے آج شام آن لائن دستیاب ہو گا، نوجوان سیٹیزن پورٹل پر خود کو رجسٹر کر سکیں گے، ٹائیگر فورس قومی سطح پر سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر تشکیل دی جائے گی۔

وزارت نے بتایا ہے کہ رضا کاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک جاری رہے گی، ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا ہنگامی صورت میں کام کرے گی، نوجوانوں کو گھروں تک راشن سپلائی کرنے کی تربیت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل

وزارتِ یوتھ افیئرز نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے، وزیرِ اعظم کا نوجوانوان پر اعتماد درست ثابت کریں گے۔

وزارت یوتھ افیئرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نوجوان بھی فرنٹ لائن فورس بنیں گے، امید ہے کہ نوجوان قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین