• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12ہزار فی دے گی، اسد عمر

حکومت 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12ہزار فی دے گی، اسد عمر


وفاقی وزیر برائے منصوبہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی کس دیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ 3 ہزار روپے ماہانہ طے پایا تھا 4 ماہ کی رقم یکمشت ادا کی جائے گی۔

انہوں نےکہا کہ لاکھوں لوگوں کا روزگار ختم ہوگیا ہے، ان تک رقم پہنچائیں گے، ملک کے دور داز علاقوں میں اشیائے ضروریہ پہنچائیں گے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ وہاں کسی چیز کی کمی نہ ہو۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ شہریوں کو کورونا سے بچانا ہے اور ساتھ ہی بھوک اور افلاس کو پھیلنے سے بھی روکنا ہے، اگر بندشیں سخت کردی گئیں تو لوگوں کو ضرورت کی بنیادی چیزیں نہیں ملیں گی، سیاست وابستگی سے بالا تر ہوکر کام کررہے ہیں اور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو 50 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے اور یقینی بنایا جائے گا کہ وہ جلد از جلد خریداری کریں۔

اسد عمر نےکہا کہ ملک میں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہے، گندم اور چاول اپنی ضرورت کےمطابق اگاتے ہیں، گندم کی کٹائی کا سیزن آنے والا ہے وزیراعظم نےاس حوالے سے صوبوں سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی تیزی سے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت بڑھ رہی ہے، ملک میں لیبارٹریز کی تعداد 20 ہوچکی ہے اور چند دنوں میں یہ تعداد 32 ہوجائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این ڈی ایم اے 16ہزار 700 پروٹیکشن کٹس گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پہنچاچکے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ میڈیکل ورکرز کےلیے 16ہزار سیفٹی کٹس فراہم کردی گئیں، طبی عملے کا دفاع کرنا پوری قوم کےلیے ضروری ہے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ مجرموں جیسا رویہ نہیں رکھا جائے، اگر ایسا کیا گیا تو لوگ بیماری کے بارے میں بتانا چھوڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایک عالمی مسئلہ ہے، بھارت میں سوچے سمجھے بغیر فیصلہ کیا گیا، جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، وہاں لاک ڈاؤن سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر بنایا گیا ہے، جہاں آج ہماری میٹنگ ہوئی اور اب روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوں گے۔

تازہ ترین