وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ٹیلیفونک رابطے میں دونوں وزراء خارجہ میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کورونا سے سعودی شہریوں کے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔
شاہ محمود نے سعودی وزیر خارجہ کو بتایا کہ وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک کےقرضے ری اسٹرکچر کرنےکی تجویز دی ہے۔ سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز پر جی 20 اجلاس میں غورکیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سعودی دارالحکومت ریاض اور جیزان پر میزائل حملےکی مذمت کرتا ہے، کسی بھی جارحیت کےخلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا سے نمٹنےاور باہمی تعاون کے فروغ پر مشاورت جاری رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔