سینئر صحافی ازہر منیر نے جنگ اور جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف لاہور میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ازہر منیر نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن پر 34 سال قبل جائز اور قانونی طریقے سے خریدی گئی زمین کا جھوٹا کیس بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف کی گرفتاری دراصل سچ لکھنے اور سچ بولنے سے روکنے کےلیے کی گئی ہے۔
سینئر صحافی نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل بھی سچ لکھنے پر میر شکیل الرحمٰن کے خلاف ٹیکس کا جھوٹا کیس بنایا گیا تھا، اب بھی برسوں قبل خریدی گئی ایک نجی جائیداد کا جھوٹا کیس بنا کر انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے کالے قوانین بھی میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی اجازت نہیں دیتے مگر پھر بھی انہیں حبس بےجا میں رکھا گیاہے، لیکن میر شکیل الرحمٰن جیسے پہلے سرخرو ہوئے تھے، اب بھی ہوں گے۔