وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قطر نے عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب ترقی یافتہ ممالک سے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی وزیراعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشینے کہا کہ عالمی وباء نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ترقی پذیر ممالک کو محدود معاشی وسائل کے سبب کورونا سے نمٹنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ترقی یافتہ ممالک سے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے، جس پر قطری وزیر خارجہ نے اپنی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل میں قطر کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور اپنے قطری ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔