• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

17 پروازیں بحال کرنے کی منظوری دیدی گئی، شاہ محمود قریشی

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے قومی رابطہ کمیٹی نے 17 پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔

ایک بیان میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہت سے پاکستانی بیرونِ ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں، قومی رابطہ کمیٹی نے ان کو واپس لانے کے لیے کُل 17 پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے، ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ ہماری دوسری ترجیح ویزہ ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں، تیسری ترجیح بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور زیرِ تعلیم طلباء کو واپس لانا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان کو کورونا سے زیادہ خطرہ نہیں، شاہ محمود

انہوں نے مزید کہا کہ 4 سے 11 اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے، ہمیں ان تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ سے گزارنا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اپنی ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی استعداد کار بتدریج بڑھا رہے ہیں، پروٹوکول پر مکمل عمل درآمد ہو گا تو کراچی کے لیے بھی پروازیں کھول دیں گے۔

تازہ ترین