وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کورونا وائرس کی وبا انسانوں کے لیے سب سے بڑا بحران ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل کو ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی ہتھکنڈے سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی منفرد شناخت تبدیل کرنے سے روکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سیکریٹری جنرل سے کورونا وبا کے پھیلاؤ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اس پر قابو پانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھا ہو ا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل قانون میں تبدیلی غیرقانونی اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں، دوطرفہ معاہدات اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔