اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف پرتاحیات الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی کے خلاف اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5رکنی لارجر بینچ نے پرویز مشرف کی پشاور ہائیکورٹ کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی، سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے پرویز مشرف کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ان کی درخواست غیر موثر نہیں ہوچکی، جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ عدالت کے سامنے دلائل ہیں کہ عمر بھر کی پابندی عائد نہیں کی جا سکتی، پرویز مشرف پر پابندی عمر بھر کے لئے لگائی گئی جو کہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ عدالت عظمی نے پرویز مشرف کی درخواست کومنظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔