اسلام آباد (عاصم یاسین)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نےنادراکو سندھ حکومت کو ڈیٹا فراہم کرنےکے احکامات جاری کر دیئے ۔ رحمان ملک نے کہاکہ سیکرٹری داخلہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نادرا نےسندھ حکومت کیساتھ ڈیٹاشئیر کیا ہے،نادرا فوری طور پر سندھ حکومت کو مطلوبہ ڈیٹا فراہم کرے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ پی ٹی اے سندھ حکومت کی ضرورت کے مطابق مطلوبہ سیل نمبرز وڈیٹا فوری طور پر تصدیق کے لیےفراہم کرے، ڈیٹا فراہم کرنے میں دیر سےامداد میں تاخیر ہوگی جسکی وجہ سے مستحقین متاثر ہونگے۔انہوں نے کہامشکل کی اس گھڑی میں ملک کے سارے اداروں کو ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرنا چاہئے، غریب و نادار افراد کی مدد اس انداز سے ہو کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو، کچھ لوگ تشہیر کی خاطر امداد کرتے ہوئے تصاویر و ویڈیوز بنارہے ہیں جو غیرمناسب ہے،اسلام کے روسےمدد اس انداز سےکی جائے کہ دینے والے ہاتھ کا دوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے،حکومت امدادبراہ راست مستحقین کو موبائل کے ذریعے بھیجے، قطاروں میں کھڑا کرنے سے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوگی۔