• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نژاد برطانوی نرس عریمہ نسرین کورونا سے جاں بحق

پاکستان نژاد برطانوی نرس عریمہ نسرین کورونا سے جاں بحق


راچڈیل (ہارون مرزا) کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال اور خدمت کرنےوالی ایک پاکستان نژاد برطانوی نرس 36سالہ عریمہ نسرین جو تین بچوں کی ماں تھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہا ر گئی۔ عریمہ نسرین کو چند یوم قبل انفکیشن ہوا تھا اور جسمانی درد ‘ بخار اور کھانسی میں اضافے کے بعد والسال مینر ہسپتال مڈ لینڈ کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ وہ 16سال سے این ایچ ایس کیلئے بطو رنر س خدمات سر انجام دے رہی تھی ۔انتہائی خوش اخلاق، باوقار پاکستان نژاد برطانوی نرس کو نرسنگ کا شعبہ انتہائی پسند تھا اور وہ اکثر یہ کہا کرتی تھی کہ دکھی انسانیت کی خدمت کر کے جو سکون قلب حاصل ہوتا ہے وہ کسی اور کام میں نہیں ۔عریمہ نسرین کی بہن کاظمہ نے بتایا کہ وہ جسمانی طور پر انتہائی فٹ اور صحت مند تھی مگر کورونا نے اس کی جان لے لی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پانچ دیگر ملازمین بھی کورونا کا شکار ہو کر وفات پا چکے ہیں۔ عریمہ نسرین کی انتہائی قریبی دوست نرس روبی اختر نے کہا کہ اس کی وفات پر انہیں تعزیت کیلئے الفاظ نہیں مل رہے مگر اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ اس نے اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے خدا کو جان دےدی اور وہ شہید ہوئی ہے اس نے اپنے خاندان اور پاکستان کا نام بلند کر دیا ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان نژاد برطانوی ڈاکٹر حبیب زیدی سمیت 4 مسلمان ڈاکٹرز بھی اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں مسلمان ڈاکٹرز کورونا وائرس کیخلاف ہر اول دستے کا کام کر رہے ہیں۔غیر ملکی اور پناہ گزین ہونے کی وجہ سے مسلمان ڈاکٹرز کو سرکاری سطح پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین