• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈائون کورونا وائرس کا چین توڑ نے کیلئے کیا گیا‘ کمشنر

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ بلاشبہ کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں احتیاط سب سے اہم ہتھیار ہے جس کی بدولت ہم اسے کنٹرول کر سکتے ہیں۔ حکومتی لاک ڈائون بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ بلاضرورت نقل و حرکت کو ختم کر کے اس وائرس کے چین کو توڑا جا سکے۔ وہ کمشنر آفس راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں پر ہونیوالے پیشرفت جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اس وقت کورونا کے مریضوں کیلئے یورالوجی ہسپتال میں سو بستروں کی سہولت موجود ہے اور آئندہ ہفتے اسکی استعداد کار بڑھاتے ہوئے اس سہولت کو 200بستروں تک لے جایا جائیگا۔ ہسپتال کے ہیومن ریسورس اور پروکیورمنٹ پلان کو ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے۔آئندہ دو ہفتوں میں بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فرسٹ اور سیکنڈ فلور مکمل کر کے انتظامیہ آر آئی یو کے حوالے کر دیا جائیگا۔ ایس این جی پی ایل مین لائن کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ کمشنر نے بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کی بائونڈری وال کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر کے وہاں گیٹ بھی نصب کریں۔ کمشنر نے کہا کہ آئندہ ایس او پیز کے مطابق ہر ادارے سے ایک بندہ میٹنگ میں شرکت کریگا۔ شرکاء کیلئے ضروری ہو گا کہ وہ ماسک پہنیں اور ٹمپریچر چیک کروانے کے ساتھ ڈس انفیکٹ گیٹ سے گزریں اور سماجی دوری کو یقینی بنانے کیلئے نشستوں میں مناسب فاصلہ ہو۔ کمشنر نے کہا کہ ہم رول ماڈل بن کر ان احتیاطی تدابیر پر خود عمل پیرا ہو کر انکی حوصلہ افزائی کرینگے تاکہ عوام بھی روزمرہ کاموں میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ کمشنر نے کہا کہ لاک ڈائون کے اس عرصے کو سودمند بنانے کیلئے ترقیاتی سکیموں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا تاکہ چیک کیا جا سکے کہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کر تے ہوئے ایسے ناگزیر اجلاس جاری رکھے جا سکتے ہیں جن کے منعقد نہ ہونے کی صورت میں ترقیاتی سکیموں کو آگے بڑھانے کا عمل غیر ضروری تعطل کا شکار ہو سکتاہے۔
تازہ ترین