• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں قوم بن کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے، وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا مقابلہ ہمیں قوم بن کر کرنا ہے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی طرح کورونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور،کیمرہ مین بھی فرنٹ لائن میں اپنی ڈیوٹیز انجام دے رہے ہیں، جو انتہائی قابل ستائش اور حوصلہ افزاء ہے۔ وہ ہفتے کو کراچی پریس کلب کی انتظامیہ کو کے ایم سی کی جانب سے سرجیکل ماسک دے رہے تھے۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمٰن، سینئر ڈائرڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس وقت جو سنگین صورتحال ہے اس میں الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات کی ذمے داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ ذمے داری کا ثبوت دیا ہے، اس کڑے وقت میں جب لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں، صحافی آگے آکر اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہریوں کو تمام معلومات پہنچا رہے ہیں۔حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کام کررہی ہے اور امید ہے کہ ہم بہت جلد ان حالات سے نکل آئیں گے۔پریس کلب کو یہ سرجیکل ماسک دینے کا مقصد یہ ہے کہ فیلڈ میں کام کرنے والے رپورٹرزاور کیمرہ مینز کی حفاظت کے کام آسکیں، اس وباء میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، جو اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے لوگوں تک اطلاعات اور حقائق پہنچا رہے ہیں۔

تازہ ترین