• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، نئے ڈومیسائل قانون میں ترمیم، مقامی افراد تمام عہدوں کی نوکریوں کیلئے اہل قرار

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) بھارتی حکومت نے دو دن قبل مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جاری کیے گئے نئے ڈومیسائل قانون میں ترمیم کرتے ہوئے مقامی افراد کو تمام عہدوں کی نوکریوں کے لیے اہل قرار دے دیا ہے، بدھ کو حکومت نے نئے ڈومیسائل قوانین متعارف کراتے ہوئے مقامی افراد کے لیے صرف گروپ 4 تک کی نوکریاں مختص کردی تھیں۔سیاسی اور اپوزیشن جماعتوں نے اس پر شدید احتجاج کیا جس پر حکومت نے نوٹیفکیشن واپس لینے کا اعلان کیا۔ 15سال سے مقیم یا 7 سال سے تعلیم حاصل کر نیوالا، دسویں ، بارہویں کے امتحانات میں حصہ لیا ہو وہ نوکری پر تقرر کا اہل ہو گا، ترمیم شدہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص جو ان شرائط پر پورا اترتا ہے اس کے پاس جموں و کشمیر کی یونین کی حدود میں نوکری پر تقرر کے لیے یونین کی حدود کا ڈومیسائل ہونا چاہیے۔ترمیم شدہ جموں و کشمیر سول سروس ایکٹ کے تحت کوئی بھی شخص کسی بھی عہدے پر تقرر کے لیے اس وقت اہل نہیں ہو گا جب اس کے پاس جموں و کشمیر یونین کی حدود کا ڈومیسائل نہیں ہو گا۔یکم اپریل کو جاری اعلامیے میں مذکورہ حدود کے لیے حکومت میں صرف گریڈ 4تک کی نوکریاں مختص کی گئی تھیں جو پولیس اور دیگر حکومتی اداروں میں زیادہ سے زیادہ کانسٹیبل کا عہدہ ہوتا ہے۔اس کی وجہ سے جموں و کشمیر کے ڈومیسائل کے حامل شہری صرف چھوٹے عہدوں کی نوکریاں کرنے کے اہل قرار دیے گئے تھے جن کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ ساڑے25ہزار روپے ہے جبکہ بڑے عہدوں کی نوکریوں کے لیے بھارت بھر کے افراد کو اہل قرار دیا گیا تھا۔اب نئے قانون کے تحت کوئی بھی شخص جو جموں و کشمیر میں 15سال سے مقیم ہے یا 7 سال سے تعلیم حاصل کر رہا ہے اور جموں و کشمیر کی یونین کی حدود میں دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں حصہ لے چکا ہے وہ نوکری پر تقرر کا اہل ہو گا۔تاہم اعلامیے میں یہ بھی کہا کہ کمشنر کے حکم سے پناہ گزیں کی حیثیت سے رجسٹر شخص کو بھی ڈومیسائل کا حامل تصور کیا جائے گا جبکہ مذکورہ علاقے میں 10سال سے سرکاری نوکری کرنے والے افراد بھی اسی کیٹیگری میں شمار کیے جائیں گے۔حکومت کے اس اقدام پر حال ہی میں بنی جموں اینڈ کشمیر اپنی پارٹی سمیت تمام سیاسی اور اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔ 

تازہ ترین