• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبلیغی جماعت سے بد سلوکی حکومت کے زوال کا سبب بنے گی ‘ اتحاد علماء کونسل

اٹک (نمائندہ جنگ) ریاست مدینہ کا دعویٰ کرنے والی حکومت کے دور میں رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کے ساتھ انسانیت سوز سلوک افسوسناک ہے۔ تبلیغی جماعت کا مقصد صرف اور صرف اللہ کی رضا ہے‘ اس کو تنگ کرنا یا ایف آئی آر درج کرنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینا ہے۔ ان پر مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ عثمانیہ تعلیم القرآن میں اتحاد علماء کونسل شکردرہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین اتحاد علماء کونسل شکردرہ اٹک و خطیب جامع مسجد سیدنا صدیق اکبر پیر غلام عباس‘ مفتی ندیم قریشی نے کی۔ اجلاس میں مولانا حافظ فرمان الہٰی، مولانا محمود الہٰی، مولانا سید افتخار حسین شاہ، مولانا قاری سلطان، مولانا ثناء اللہ، صاحبزادہ طاہر محمود، مولانا بلال احمد، حافظ محمد سعید، حافظ عبدالرزاق، حافظ علی اصغر، قاری محمد عمیر، قاری نور احمد، حافظ احسان الہٰی نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے تبلیغی جماعت پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اسکے رسولؐ کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے والوں پر تشدد حکومت کے زوال کا سبب بنے گا۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں مساجد کو بند کرنے کی بجائے کھولا جائے تاکہ مسلمان اپنے اللہ سے توبہ و استغفار کریں اور ہمارے ملک سے کورونا جیسی وباء کا جلد خاتمہ ہو سکے۔ اتحاد علماء کونسل شکردرہ نے عوام سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈائون میں اپنے ان بھائیوں کا خیال رکھا جائے جن کے گھروں میں راشن وغیرہ نہیں ہے‘ انکے بچے بھوکے پیاسے سوتے ہیں‘ ہم اپنا صدقہ زکوٰۃ وقت سے پہلے نکال کر انکی مدد کر سکتے ہیں ۔
تازہ ترین