• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈاتھارٹی کی ایئرپورٹ روڈ پر کارروائی‘بیکری سیل

کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز ایئرپورٹ روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے معروف بیکری کو سیل کر دیا جبکہ ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور پر جرمانہ عائد کیا گیا ۔مذکورہ مراکز کے خلاف کارروائی بڑی مقدار میں زائدالمیعاد و مضر صحت اشیاء برآمد ہونے اور مختلف اشیائے خوردو نوش پر تاریخ تنسیخ موجود نہ ہونے پر کی گئی۔ مزید برآں بی ایف اے نے چیکنگ کے دوران متعدد کھانے پینے کے مراکز کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کئے جس کے مطابق مراکز میں معیاری حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی جبکہ اس حوالے سے مراکز کے مالکان کو خصوصی ہدایت نامے بھی دیئے گئے۔ علاوہ ازیں مذکورہ مراکز سے برآمد ہونے والی زائد المیعاد اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ صحت عامہ کی اہمیت کے پیش نظر بی ایف اے اشیاءخوردونوش کی پروڈکشن سے لیکر عوام کو ان کی فروخت کے تمام مراحل کی مانیٹرنگ کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور غیر معیاری اشیاء کی تیاری و فروخت کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
تازہ ترین