• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: امریکا میں مسلسل چوتھے روزایک ہزار سے زائد اموات

امریکا میں مسلسل چوتھے روزکورونا ایک ہزار سے زائد جانیں لے گیا، جس سے مجموعی اموات ساڑھے 8 ہزار کے قریب پہنچ گئیں جبکہ بیماروں کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار سے بھی زائد ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صرف نیویارک میں چین سے بھی زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جہاں اموات کی تعداد 3 ہزار 565 ہوچکی ہے جبکہ چین میں یہ تعداد 3 ہزار 326 ہے۔

 امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک پولیس کا ہر پانچ میں سے ایک اہلکار یا تو بیمار ہے یا قرنطینہ میں رہنے پر مجبور ہوگیا ہے، فائربریگیڈ کے ہزاروں ملازمین بھی قرنطینہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا نے عورتوں سے زیادہ مردوں کو ہلاک کیا ہے۔

کورونا سے متاثر بعض دیگر ممالک میں بھی یہی ٹرینڈ نوٹ کیا جا چکا ہے، اس وقت امریکا کی زیادہ ترریاستو ں میں لاک ڈاؤن ہے تاہم ہر 10 میں سے 6 شہری سڑکوں پر نظر آرہے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ لوگ گھروں میں رہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کہا کہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاست نیویارک میں ایک ہزار فوجی میڈیکل ورکرز میں تعینات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستوں کے گورنرز وینٹی لیٹرز کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کو کورونا کے خلاف پہلے 70 روز میں کیے گئے اقدامات کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے لاک ڈاؤن میں انتہائی تاخیر کی۔

ووہان میں وائرس سے لوگوں کے بیمار پڑنے کے بعد صرف چین سے 4 لاکھ 30 ہزار افراد نے امریکا کا سفر کیا، جن میں امریکا اور دیگر ممالک کے شہری شامل تھے جو وبا کے پھیلاؤ کا ممکنہ سبب بنا۔

تازہ ترین