• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیکٹریاں کھولنے کیلئے طریقہ کار بنایا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

صنعتکاروں کی جانب سے فیکٹریاں کھولنے کی درخواست پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس او پیز بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ، اکرام اللّٰہ دھاریجو، آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر، سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، کور 5 کے بریگیڈیئر سمیع، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ، سیکریٹری انڈسٹریز، سیکریٹری انویسٹمنٹ اور دیگر شریک ہوئے۔

 مذکورہ اجلاس میں ایکسپورٹ اورینٹڈ صنعتکاروں کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

صنعتکاروں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ اُن کو کچھ شرائط پر  صنعتین کھولنے دیا جائے تاکہ وہ ایکسپورٹ کے آرڈرز پورے کرسکیں۔ 

اجلاس میں صنعتکاروں بالخصوص وہ جنھیں درآمدات کے آرڈرز پورے کرنے ہیں انکے معاملات  پر غور کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ مجبوری نہ ہوتی تو ہم صنعت کا پہیہ کبھی نہ روکتے، ہم فیکٹریاں کھولنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ محنت، صنعت، صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں جلد از جلد ایس او پیز  تیار کریں تاکہ فیکٹریاں کھولی جاسکیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایس او پی صحت کے ماہرین کی رہنمائی اور لیبر و انڈسٹریز کے اصولوں پر مبنی ہونے چاہئیں۔

انھوں نے محکمہ محنت  سے کہا کہ ہر سیکٹر کے لیے ایس او پی بنائی جائے تاکہ 14 اپریل کے بعد کاروباری سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کی جاسکیں۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں کے لیے بھی ایس او پی بنانے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین