• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ICUمیں داخل کوویڈ۔19 کے مریضوں میں شرح اموات50فیصد سے زائد

لندن (پی اے) حالیہ اعدادوشمار کے مطابق انتہائی نگہداشت کے شعبہ (آئی سی یو) میں کوویڈ۔19 سے متاثر ہو کر داخل کئے گئے مریضوں میں شرح اموات 50 فیصد سے زیادہ ہوگئی۔ انٹینشیو کیئرآڈٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (آئی سی این اے آر سی) کی جانب سے رپورٹ کورونا وائرس کے 2249 مریضوں کے سیمپلز کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 690مریضوں میں سے 346 (50.1فیصد) انتقال کر گئے جبکہ344 کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ بقیہ 1559 مریضوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کی حالت اب تک خراب ہے۔ اگر 2017 اور 2019 کے دوران انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں داخل نان کوویڈ۔19 وائرل نمونیا میں مبتلا مریضوں سے ان کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو ان میں سے 22.4 فیصد کا انتقال ہوا۔کوویڈ۔19 کے اعدادوشمار جمعہ کو نصف دن گزرنے پر انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں این ایچ ایس کے 286 انتہائی نگہداشت اور انتہائی انحصار کے یونٹس سے حاصل کئے گئے تھے۔ بعض سپیشلسٹ اور نان این ایچ ایس انتہائی نگہداشت کے یونٹس کی جانب سے بھی اعدادوشمار فراہم کئے گئے تھے۔ مریضوں کی اوسط عمر 61 سال تھی اورکوویڈ۔19 کے باعث انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں داخل کئے گئے مریضوں میں سے73 فیصد مرد تھے۔ ہلاک ہونے والے 346 مریضوں میں سے259 مرد تھے۔ سٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں داخل کئے گئے کوویڈ۔19 کے 62.9 فیصد یا 1415مریضوں کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں مکینیکل وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں رکھے گئے ان مریضوں میں سے صرف 41 میں قبل ازیں بھی کسی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
تازہ ترین