• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی بینک ملازم نے کورونا سے بچاؤ کا انوکھا طریقہ اپنالیا


بھارتی بینک ملازم نے اپنی ڈیوٹی کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک انوکھا طریقہ اپنا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ل ہوگئی۔

دُنیا بھر میں ہر ایک شخص کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ہر ممکن احتیاطی تدابیر کرتا نظر آرہا ہے کوئی بار بار ہاتھ دھو رہا ہے تو کوئی ایسی غذاؤں کا استعمال کر رہا ہے جس سے اُس کا قوت مدافعت مضبوط ہو ایسے ہی ایک انوکھی احتیاطی تدبیر بھارتی ریاست گجرات کے ایک بینک ملازم نے اپنائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

آنند مہیندرا کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بھارتی خاتون اپنا چیک کیش کروانے کے لیے بینک ملازم کو چیک دیتی ہے اور پھر ہاتھوں میں دستانے اور منہ پر ماسک لگائے بھارتی بینک ملازم وہ چیک اپنے دوسرے ساتھی کو دیتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب وہ بینک ملازم اپنے ساتھی کو وہ چیک کیش کرنے کے لیے دیتا ہے تو اُس کا ساتھی جو کہ اپنے چہرے پر ماسک لگائے اور ہاتھوں میں دستانے پہنے کُرسی پر بیٹھا ہوتا ہے اُس چیک کو پکڑنے کے لیے چمٹے کا استعمال کرتا ہے۔

بھارتی بینک ملازم چمٹے کی مدد سے چیک لیتا ہے اور پھر اُس چیک کو میز پر رکھ کر گرم استری اُس چیک پر رکھ دیتا ہے جب وہ چیک گرم ہوجاتا ہے تو پھر وہ بینک ملازم اُس چیک کو ہاتھ لگاتا ہے۔

یاد رہے کہ ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کو بھاپ اور گرم پانی وغیرہ ختم کر سکتے ہیں ویڈیو میں نظر آنے والے اِس بینک ملازم نے بھی ماہرین کی ہدایت کے مطابق پہلے چیک کو گرم کیا اور پھر اُس کو ہاتھ لگایا۔

تازہ ترین