تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: حنا ملک
ملبوسات: مُنوش برائیڈل کلیکشن، کراچی
آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
ٹینا ثانی کی آواز میں اپنے دَور کا ایک بڑا ہی پیارا گیت ہے؎’’کوئی بات کرو،کوئی بات کرو…کوئی خوشبو جیسی بات کرو‘‘،تو آج کل پوری قوم جن حالات سے نبردآزما ہے، ایسے میں اگر رویّوں میں تلخی دَر آئے اور لفظوں میں زہر گھل جائے تو کٹھن وقت گزارنا بڑا ہی مشکل ہوجائے، لہٰذا لاک ڈاؤن کے عرصے میں، جو جانے کب تک رہے، اپنے رویّوں اور لہجوں میں نرمی گھول کر اور خوشبو جیسی پیاری پیاری باتیں کرکے آس پاس کے ماحول کو خوش گوار رکھیں۔اُداس اور افسردہ ماحول کو خوش گوار بنانے کے لیے ہم نے بھی اپنی بزم اس قدرحسین و دِل کش پیراہن سے مرصّع کی ہے کہ پَل بَھر ہی میں ماحول میں خوش گواریت گُھل جائے گی۔
ذرا دیکھیے،سیاہ رنگ ٹراؤزر کے ساتھ سفید اور سیاہ کےسدا بہار کامبی نیشن میں پھول دار بوٹ نیک گلے کی ٹیل شرٹ کس قدر پیاری لگ رہی ہے۔فون رنگ کیپری کے ساتھ اسکن رنگ ٹیل فراک کی بھی شان نرالی ہے۔ فراک کے گھیر پر ریڈی میڈ لیس ہے، توکیپری کے باٹم پر بو بھی خاصی جچ رہی ہے۔سیاہ رنگ ٹائٹس کے ساتھ بلاک پرنٹڈپھول دار ٹیل قمیص کا لُک اسٹائلش ہے، تو سیاہ اور عنّابی رنگ کے حسین امتزاج میں انتہائی حسین ٹیل فراک کی رعنائی بھی کچھ کم نہیں۔ فراک کا فرنٹ قدرے چھوٹا ،تو گلے کے ایک جانب سلمے دبکے اور نگوں کی بیل کی ہم آمیزی ہے،جب کہ بیک لمبا اور گھیر دار ہے۔