چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ جائز ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام "آپس کی بات" میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزرا کے عہدے تبدیل کرنا کافی نہیں، احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کے وزراء پر الزامات لگے، لیکن صرف عہدے بدلے گئے، احتساب نہیں ہوا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ اس لیے جائز ہے کہ ماضی میں عمران خان بھی صرف الزامات لگنے پر استعفے کا مطالبہ کرتے تھے۔
کورونا وائرس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہوگا، سندھ حکومت محدود وسائل کے ساتھ اس وبا کا مقابلہ کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی صوبائی حکومت اس وائرس سے اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتی، وفاقی حکومت کو صوبائی حکومتوں کا ساتھ دینا ہوگا۔