• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شب برأت پر فنکار مشکل گھڑی سے نکلنے کیلئے دُعاگو

رحمتوں اور برکتوں والی رات ’شب برأت‘ کے موقع پر پاکستان کے نامور فنکاروں نے ملک کی سلامتی اور دُنیا کی اِس عالمی وبا سے نجات حاصل کرنے کے لیے دُعائیں کی۔

گزشتہ رات ’شب برأت‘ کی رات تھی اِس رات دُنیا بھر کے مسلمان اللّہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں اور اُس سے اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگتے ہیں، دیگر لوگوں کی طرح پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور فنکار بھی پوری دنیا کی اِس مشکل گھڑی سے نکلنے کے لیے اللّہ تعالیٰ سے دُعاگو ہیں۔

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا ہوا تھا کہ ’میں آج رات آپ سب کے لیے دُعا گو ہوں۔‘

علی ظفر نے لکھا کہ ’خدا ہماری غلطیوں کو معاف کرے اور ہماری تمام مشکلات آسان کرے، آمین۔‘

معروف اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئےلکھا کہ ’یہ دُعائیں ہم سب کے لیے ہیں کہ اللّہ تعالیٰ ہمیں معاف فرمائے۔‘

ہمایوں سعید نے لکھا کہ’اللّہ تعالیٰ ہم سب کو اِس مشکل وقت سے راحت عطا فرمائے اور ہمیں اپنی لاتعداد نعمتوں سے نوازے۔‘

ماہرہ خان نےٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کوئی طاقت دُعا سے بڑی نہیں ہوتی ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’آج کی رات بخشش اور برکت کی رات ہے اللّہ تعالیٰ ہم سب پر اپنا رحم فرمائے آمین۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں صرف اللّہ تعالیٰ کی ہدایت کی طلب گار ہوں۔‘

معروف اداکار، گلوکار و میزبان فخر عالم نے ٹوئٹر پر شب برأت کےحوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اے اللّہ ہمیں معاف فرما اور ہم پر اپنا رحم فرما، ہم تیری عطا کردہ نعمتوں پر شُکر کرنا بھول گئے ہیں۔‘

فخر عالم نے لکھا کہ’آج کی رات ہم سب آپ سے ہماری مغفرت کے لیے دُعاگو ہیں۔‘

معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے ٹوئٹر پر اپنی وہ تصویر شیئر کی جب وہ عُمرہ کی ادائیگی کے لیے حرم شریف گئی تھیں۔

مہوش حیات نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’آج شب برأت کی رات ہے آئیے اللّہ تعالیٰ سے معافی مانگیں، اِس سے پہلے دُنیا کو کبھی بھی اتنی دُعاؤں کی ضرورت نہیں تھی۔‘

اداکارہ و تمغہ امتیاز نے لکھا کہ ’آیئے مل کر دُعا کریں کہ یہ مشکل وقت جلد ہی گُزر جائےاور میں دُعا کرتی ہوں کہ عقیدت مند دوبارہ سے حرم شریف جاسکیں۔‘

معروف اداکارہ مومل شیخ نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی۔


مومل شیخ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’آئیے آج ایک ساتھ ہاتھ اُٹھائیں اور اللّہ تعالیٰ سے مغفرت کی دُعا مانگیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم اللّہ سے یہ دُعا کریں کہ جلد ہی ہم پر سے یہ مشکل ختم ہوجائے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ’اللّہ ہماری دُعاؤں کو قبول فرمائے آمین۔‘

تازہ ترین