• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا عالمی معیشت کے 5000 ارب ڈالر کھا جائے گا، بلوم برگ


امریکی نیوز ایجنسی بلوم برگ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء آئندہ 2 سال میں عالمی معیشت کے 5000 ارب ڈالر کھا جائے گی۔

کورونا وائرس کے عالمی معیشت پر اثرات سے متعلق امریکی نیوز ایجنسی بلوم برگ نے اپنی رپورٹ شائع کی ہے۔

بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی معیشت کو ہونے والا یہ 2 سال کا خسارہ جاپان کی سالانہ پیداوار سے زیادہ ہوگا۔

رپورٹ میں بلوم برگ کا مزید کہنا ہے کہ دنیا 1930ء کے بعد اب کورونا وائرس کی وجہ سے گہری کساد بازاری کے دور میں ہے۔

بلوم برگ کا اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب حکومتیں کاروبار بند کرانے اور لوگوں کو گھروں میں محصور کرانے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 88 ہزار 502 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں، 15 لاکھ 18 ہزار 773 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں 10 لاکھ 99 ہزار 679 کورونا وائرس کے مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 48 ہزار 79 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا سے دنیا میں ساڑھے 88 ہزار ہلاکتیں

کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 30 ہزار 589 مریض دنیا بھر میں صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہے، جبکہ کورونا وائرس کے کنفرم کیسز کی تعداد 4 ہزار 322 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 3 ہزار 699 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 25 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 560 افراد اب تک اس موذی مرض سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

تازہ ترین