اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میر شکیل الرحمٰن کو پابند سلاسل رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن‘ عمران خان کی ضد‘ آمرانہ اور چھوٹی ذہنیت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن پر جھوٹا اور مضحکہ خیز کیس بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔ مریم اورنگزیب نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب سیاسی مخالفین اور میڈیا سمیت ہر سچ بولنے والے کی آواز بند کرنا چاہتے ہیں۔ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری بنیادی انسانی حقوق اور تمام مروجہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔