• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمپ جیل کا مریض زیرو کون ہے جس نے 58 قیدیوں کو کورونا لگایا؟

اسلام آباد (فخر درانی) کیمپ جیل لاہور کا مریض زیرو کون ہے اور اسے کووڈ 19 کیسے لگا؟ اس پراسرا مریض نے گزشتہ 20 دنوں میں 58 قیدیوں کو متاثر کیا ہے۔ کیمپ جیل کو خالی کرالیا گیا ہے اور اسے 100 بستروں کا قرنطینہ مرکز بنادیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 490 قیدیوں کو مریض زیرو سے خطرہ لاحق ہوگیا ہے جس میں 18 مارچ کو کووڈ 19 کی علامات پائی گئی تھیں۔ اس نے جیل حکام کو بخار کی شکایت کی تھی۔ تاہم جب ٹیسٹ کیا گیا تو اس کا نتیجہ کووڈ 19 مثبت آیا۔ جیل حکام نے اس کے ساتھی قیدیوں کے بھی ٹیسٹ کروائے جن میں سے ابتدائی طور پر 19 قیدیوں میں کورونا وائرس کا نتیجہ مثبت آیا۔ تفتیش کے دوران جیل حکام کے علم میں یہ بات آئی کہ قریبی بیرکوں میں قید 490 قیدیوں کو بھی اس پراسرار مریض زیرو سے خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ حکام نے تمام 490 قیدیوں کے ٹیسٹ کئے جن میں سے 58 قیدیوں میں کووڈ 19 کا مثبت نتیجہ آیا۔ سوال یہ ہے کہ یہ مریض زیرو ہے کون؟ حکام کے مطابق یہ پاکستانی نژاد اطالوی شہری ہے جسے اینٹی نارکوٹکس فورس نے 6 کلو ہیروئن کے ساتھ اٹلی جاتے ہوئے گرفتار کرلیا تھا ۔ بعد ازاں اسے کیمپ جیل بھیج دیا گیا تھا۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ اس کا خاندان پاکستان آتا رہتا ہے۔ اسے اپنے خاندان سے کووڈ 19 لگا جو حال ہی میں اٹلی سے آیا تھا۔ مریض زیرو میں اس کی قید کے 10 روز بعد کووڈ 19 کی علامات سامنے آئیں۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ کیمپ جیل کو خالی کراکے اسے 100 بستروں کا قرنطینہ مرکز بنادیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمپ جیل میں 2700 سے زائد قیدی ہیں۔ پنجاب حکومت نے سروسز اسپتال کی طبی ٹیم کو اس قرنطینہ مرکز کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر 19 قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور انہیں قرنطینہ کردیا گیا۔ لیکن 9 اپریل تک ایسے قیدیوں کی تعداد 58 ہوگئی، بقیہ قیدیوں کو دیگر شہروں بشمول لودھراں اور حافظ آباد منتقل کیا جارہا ہے۔ اب تک 1100 قیدیوں کو حافظ آباد، 258 کو لودھراں جیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ بقیہ قیدیوں کو دیگر جیلوں میں بھیجا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کووڈ 19 کیسز کی مجموعی تعداد 9اپریل تک 2166 تک پہنچ گئی ہے اور 17مریض اب تک جاں بحق ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر پنجاب میں نجی و سرکاری شعبے کی جانب سے 30 ہزار ٹیسٹ کووڈ 19 کے کئے جاچکے ہیں۔
تازہ ترین