اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کو خط لکھا جس میں انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ و عالمی ادارہ صحت سے مقبوضہ کشمیر میں عوام کو فوری ادویات کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے مریضوں کو نہ ادویات اور نہ ہسپتال جانے دیا جارہا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو ڈبلیو ایچ او نے وبائی مرض قرار دیا ہے مگر کشمیریوں کو ہسپتال تک رسائی نہیں دی جارہی۔ تاریخ کے لمبے ترین کرفیو کی وجہ سے وادی کشمیر میں خوراک‘ ادوایات و دیگر اشیائے خورد و نوش کی کمی ہے۔