پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ حکومت کے فیصلوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔
بلاول ہاؤس کراچی سے جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ جس میں آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے کورونا کی صورت حال پر بریفنگ لی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے سب سے بڑی ترجیح انسانی زندگیوں کا تحفظ ہے، سندھ حکومت نے کورونا کی ٹیسٹنگ کی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے اچھا کام کیا ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں مستحق افراد تک امداد کی رسائی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، وفاقی حکومت کو چاہیے وہ اس سخت وقت میں سندھ سمیت تمام صوبوں کی مدد کرے۔