وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 15 اپریل کے بعد کیا کرنا ہے؟ فیصلہ کل نیشنل کمانڈ سینٹر کے اجلاس میں ہوگا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق تمام فیصلے وفاق اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کی مشاورت سے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بروقت فیصلوں سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، تمام شعبوں کو بند کرنے سے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت گائیڈ لائنز دے گی اور اس کے مطابق کارروبار ہوگا تاکہ ملازمین بھی محفوظ رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کھلنے کی صورت میں ملازمین کی صحت کی ذمے داری بھی کاروباری حضرات پر ہوگی۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔